نئی دہلی،26/ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) آئی این ایکس میڈیا معاملے میں گرفتار کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے جمعرات کو سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی سالگرہ پرمبارکباد دی اور کہا کہ صرف سنگھ ہی اس وقت ملک کو اقتصادی بحران سے باہر نکالنے کا راستہ دکھا سکتے ہیں اس لئے حکومت کو ان کی باتوں کو سننا چاہئے۔تہاڑ جیل میں بند چدمبرم کی جانب سے ان کے خاندان نے ان کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل پر یہ پوسٹ کیا۔اس میں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو سالگرہ کی مبارک باد۔آپ کی لمبی عمر ہو۔میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ منموہن سنگھ کی باتوں کو سنے۔سابق وزیر خزانہ چدمبرم نے کہاکہ اگر اس وقت ملک کو کوئی اقتصادی بدحالی سے باہر نکالنے کا راستہ دکھا سکتا ہے تو وہ منموہن سنگھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے موقف میں بنیادی غلطی یہ ہے کہ اس نے اقتصادی بحران کے بنیادی وجہ کو نہیں سمجھا ہے۔اس کی وجہ سے مانگ کی کمی اور روزگار، تنخواہ اور مواقع کو لے کر مایوسی بڑھی ہے۔